ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / مہاجرین معاشرے میں ضم ہوں یا واپس چلے جائیں: ڈچ وزیر اعظم

مہاجرین معاشرے میں ضم ہوں یا واپس چلے جائیں: ڈچ وزیر اعظم

Tue, 24 Jan 2017 21:07:47    S.O. News Service

لندن24جنوری(ایس  اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ڈچ وزیراعظم مارک رُٹے نے مہاجرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یا تو ڈچ معاشرے میں ضم ہوں یا پھر ملک چھوڑ دیں۔ ان کے اس بیان کی ممکنہ وجہ مارچ کے وسط میں قومی انتخابات کے لیے دائیں بازو کے ووٹروں کی حمایت حاصل کرناہے۔ ایک ملکی اخبار میں شائع ہونے والے اپنے پورے ایک صفحے کے بیان میں رُٹے نے کہا کہ ڈچ عوام کوپوری سرگرمی سے اپنی اقدار کی حفاظت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مہاجرین جو ڈچ معاشرے میں اپنا انضمام یقینی نہیں بناتے یاغیرسماجی رویے کے مرتکب ہوتے ہیں، ان کے لیے پیغام واضح ہے کہ وہ درست رویے کا مظاہرہ کریں یا پھر چلے جائیں۔رُٹے نے اپنے بیان میں انتہائی دائیں بازو کے عوامیت پسند رہنما وِلڈرز یا ان کی پارٹی فار فریڈم نامی جماعت کاحوالہ تو نہیں دیا، تاہم یہ بات واضح ہے کہ ان کے اس بیان کا مقصد مہاجرین مخالف رہنما وِلڈرز کے ووٹروں کو سخت موقف کااظہار کر کے اپنی جانب متوجہ کرناہے۔قدامت پسند جماعت پیپلز پارٹی فار فریڈم اینڈ ڈیموکریسی کے رہنما اور وزیر اعظم رُٹے کا کہنا ہے کہ وہ ایسے مطالبات کودرست سمجھتے ہیں، جن میں مہاجرین سے معاشرے میں ضم ہونے یا ملک سے چلے جانے کا کہنا جا رہا ہے۔ میرے خیالات بھی ان جیسے ہی ہیں۔تاہم انہوں نے وِلڈرز کے مہاجرین مخالف موقف پر تنقید بھی کی، حل یہ نہیں کہ تمام افراد کو ایک ہی طرح سے دیکھا جائے۔وِلڈرز کو ہالینڈ کی ایک عدالت مراکشی نژاد شہریوں کی تذلیل اوران کے خلاف نفرت انگیزی کو ہوا دینے کامجرم قرار دے چکی ہے۔ وہ اس عدالتی فیصلے کو شرم ناک قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کر رہے ہیں۔ وِلڈرز نے رُٹے کے بیان پر اپنے ردعمل میں رُٹے کو سرحد کھولنے والا، سیاسی پناہ کا طوفان لانے والا، بڑی امیگریشن کا باعث اور ملک کو اسلامی بنانے والا جھوٹا قرار دیا۔یہ بات اہم ہے کہ عوامی جائزوں میں وِلڈرز کو رُٹیکے خلاف کسی حد تک سبقت حاصل ہے، تاہم اہم سیاسی جماعتیں وِلڈرز کے خلاف کھڑی ہیں اور ان کا موقف ہے کہ اگر وِلڈرز کی جماعت کامیاب ہو بھی گئی، تب بھی یہ سب جماعتیں مل کر حکومت قائم کر سکتی ہیں۔


Share: